ایک انچ بھی سرکاری زمین بیچی توشہباز شریف ثابت کریں:علیم خان

30 مارچ 2018

لاہور( پ ر) نیب نے گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان سے ان کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے معاملے پر پوچھ گچھ کی۔ نیب میں پیشی کے بعد علیم خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف مختلف حربے استعمال کرتے ہوئے انہیں نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2011ء میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد سے وہ جو زمین خریدتے ہیں اس کا سٹیٹس تبدیل کرکے کبھی اسے گرین ایریا تو کبھی انڈسٹریل ایریا میں تبدیل کردیا جاتا ہے۔پی ٹی آئی میں شمولیت کے حوالے سے علیم خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک نظریاتی جماعت ہے اور اگر میں نظریاتی نہ ہوتا تو عمران خان کے ساتھ اپوزیشن میں کھڑے ہونے کی بجائے مفاد پرستوں کے ٹولے شریف برادران کیساتھ ہاتھ ملا لیتا۔ میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایاجارہا ہے اور انہوں نے نیب کو بتایا ہے کہ ان کی زمینوں کا سٹیٹس تبدیل کرنے والا شخص احد چیمہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں شہبازشریف کو چیلنج کرتا ہوں کہ اگر میں نے ایک انچ بھی سرکاری زمین بیچی ہے تو وہ سامنے لاؤ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سمیت انہیں پاکستان کی ہر عدالت پر اعتماد ہے اور جو بھی عدالت انہیں بلائے گی وہ وہاں بھی پیش ہونگے۔