ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ نے یوفون بلوچستان کپ ٹرافی اپنے نام کرلی

30 مارچ 2018

لاہور (پ ر) ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ نے یوفون بلوچستان فٹبال کپ کے فائنل میں نوشکال بلوچ فٹبال کلب نوشکی 2 کے مقابلے میں 1 گول سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔ فائنل میچ ریلوے گراو¿نڈ کوئٹہ میں کھیلا گیا مہمان خصوصی سپورٹس سیکرٹری بلوچستان منظور احمد نے ٹرافی فاتح ٹیم کے حوالے کی۔ منظور احمد نے کہا "یہ یوفون کا اہم اقدام ہے۔ اس طرح کی سرگرمیوں سے نہ صرف اچھی صحت کو فروغ ملتا ہے بلکہ نوجوانوں کے اندر اعتماد بھی بڑھتا ہے اور انہیں بہتر مواقع ملتے ہیں۔


" فائنل کے پہلے ہاف میں ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ نے ابتدائی 10 منٹ میں دفاعی کھیل پیش کیا جبکہ نوشکال بلوچ فٹبال کلب کے کھلاڑی جارحانہ انداز کے ساتھ کھیلتے رہے۔ تاہم ابتدائی دفاع کے بعد ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ نے بھی جارحانہ کھیل پیش کرنا شروع کردیا اور مخالف ٹیم پر تابڑ توڑ حملے کئے تاہم پہلے ہاف کے اختتام تک کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی۔ نوشکال بلوچ فٹبال کلب کے عبدالمالک نے میچ کے دوسرے ہاف میں پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی، تاہم 15 منٹ بعد ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ کے شیر حسان نے گول کرکے میچ 1-1اسکور سے برابر کردیا جس کے بعد ٹرافی کے حصول کی جنگ مزید تیز ہوگئی۔ میچ ختم ہونے سے چند منٹ قبل ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ کے نصر اللہ نے پینلٹی پر گول اسکور کرکے اس چیمپیئن شپ کی دوڑ میں اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنادی۔ اس سال یہ چیمپیئن شپ صوبے کے چھ شہروں کوئٹہ، پشین، خضدار، چمن، لورالائی اور نوشکی میں منعقد ہوئی جس میں ہر شہر کی پانچ ٹیموں یعنی 30 ٹیموں کے 450 نوجوان فٹبالرز نے حصہ لیا۔