اب انٹرنیشنل ٹیمیں بھی پاکستان آرہی ہیں، ہم جو کہتے ہیں وہ پورا کر کے دکھاتے ہیں نجم سیٹھی

30 مارچ 2018

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کہاہے کہ ہم نے جو کہا پورا کیا ویسٹ انڈیز کے دورے سے حوالے سے قیاس آرائیاں کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، ٹیم 31مارچ کوپاکستان آرہی ہے اور پروگرام کے مطابق میچز کھیلے گی۔لاہور میں پاکستا ن اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کے لوگو رونمائی کی تقریب کے موقع پرنجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ اب انٹرنیشنل ٹیمیں بھی پاکستان آرہی ہیں، ہم جو کہتے ہیں وہ پورا کر کے دکھاتے ہیں۔ ۔ بھارت سے معاملات دیکھ رہے ہیں اور بہت جلد خوشخبری بھی ملے گی۔امریکہ میں سہ فریقی ٹورنامنٹ کے حوالے سے بتایا کہ تجویز ہے تاہم اس حوالے سے ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔ تین ملکی سیریز کے لئے بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ ویسٹ انڈیز چاہتا ہے کہ کھلاڑیوں کا اعلان تاخیر سے کیا جائے، دوسری انٹرنیشنل ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل گئے ہیں، پی ایس ایل دنیا کا بڑا برانڈ بن چکا ہے۔، ہمارا ساتھ دیں اور رہنمائی کریں اچھا لگے گا، ویسٹ انڈیز کی ٹیم 31 مارچ کو دورہ پاکستان کیلئے آئے گی، تینوں میچز کراچی میں یکم، دو اور تین اپریل کو کھیلے جائیں گے۔