انتخابات 2018ء سالمیت کے حوالے سے انتہائی اہم ہیں: کنور دلشاد
اسلام آباد (این این آئی)سابق وفاقی سیکر ٹری الیکشن کمیشن و چیئرمین نیشنل ڈیمو کریٹک فاﺅنڈیشن کنور محمد دلشاد نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے نوجوانوں نے تاریخ پاکستان سے تعمیر پاکستان تک ہر اول دستہ کے طور پر کام کیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ اگلے عام انتخابات میں بھی نوجوان تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی سکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سٹوڈنٹس کے والدین، سول سوسائٹی، صحافی اور وکلاءکی کثیر تعداد موجود تھی۔ آئینی و قانونی ماہر کنور محمد دلشاد نے کہا کہ 2018کے انتخابات پاکستان کی سالمیت کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ امریکہ پاکستان کی سلامتی پر سرخ نشان لگا رہا ہے اور اسی تناظر میں پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ بنایا جا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی ناقص و غیر مستحکم پالیسیوں نے ملک کو تباہی کے دھانے پرپنہچا دیا ہے ایسے حالات میں نوجوانوں کو آگے بڑھنا ہوگا اور ملک و ملت کے لئے بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایوان بالا ہمارا مقدس ادارہ ہے، وزیر اعظم نے اپنے بیانات سے اس کا تقدس پامال کیا ،سینٹ کی رولنگ کے مطابق چیئرمین سینٹ وزیر اعظم کو طلب کرنے کی پوزیشن میں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کے بر عکس مردم شماری کی از سر نو توثیق کےلئے تیسرے فریق کا عمل روک دیا ہے اور سینٹ کمیٹی نے تیسرے فریق کے بجائے آزاد ماہرین کو شامل کرنے کی تجویز دیکر حلقہ بندیوں کے خلاف جو طوفان اٹھائے جا رہے تھے اس کا ازالہ کر دیا ہے۔
کنوردلشاد