پی پی حکومت شوبازی نہیں کرتی، نواز شریف کا ڈرامہ عوام کے سامنے آ گیا، بلاول
ٹھٹھہ گھارو (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دھابیجی کے قریب، کراچی، ٹھٹھہ دو رویہ سڑک کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا پیپلز پارٹی 2018 کے انتخابات میں کامیاب ہو کر سندھ کے عوام کی خدمت کرے گی، پاکستان پیپلزپارٹی اپنے نشان اور طاقت اور نظریے پر انتخابات لڑے گی۔ نواز شریف سے عوام 2018 کے انتخابات میں حساب لیں گے۔ چیف جسٹس مضبوط اور بااصول جج ہیں، وہ انصاف کے راستے پر چلنا جانتے ہیں۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی مناسب آدمی ہے میں اْن کو کہوں گا کہ وہ چیئر مین سینٹ کے لیے اپنے ریمارکس واپس لیں۔ نوائے وقت رپورٹ آن لائن کے مطابق پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پیپلز پارٹی کی حکومت زیادہ شو بازی نہیںکرتی، کام ضرورکرتی ہے۔ نواز شریف کا ڈرامہ عوام کے سامنے آگیا ہے، وزیراعظم نے چیف جسٹس پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی، میں سمجھتا ہوں کہ چیف جسٹس متاثر نہیں ہوئے ہوں گے۔ نام نہاد سیاسی جماعتیں مجھے کیوں نکالا اور دھرنوں میں لگی ہیں۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو خارجہ پالیسی سنبھال سکتی ہے، دہشت گردی کا مقابلہ کر سکی ہے۔ مزید براں بلاول بھٹو سے یوسف رضا گیلانی نے ملاقات کی جس میں پارٹی تنظیم نو ، جنوبی پنجاب سمیت ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب سے کلین سویپ کرے گی۔