بلوچستان عوامی پارٹی کے قیام کا اعلان، انوار الحق کاکڑ ترجمان مقرر

30 مارچ 2018

کوئٹہ( بیورورپورٹ بلوچستان کی نئی سیاسی جماعت ’’بلوچستان عوامی پارٹی ‘‘ کااعلان کردیا گیا ہے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران سعید احمد ہاشمی نے نئی سیاسی جماعت کا اعلان کیا جبکہ اس موقع پر ان کا کہنا تھاکہ ساتھی پارٹی کے آئین اور منشور پر کام کررہے ہیں۔ جنرل کونسل میں عہدیداروں کا اعلان کیا جائے گا اور نئے عہدیداروں کے چنائو کے بعد پارٹی کوالیکشن کمشن میں رجسٹرکرایا جائے گا۔سعید احمد ہاشمی نے بتایا پارٹی الیکشن تک انوارالحق کاکڑ پارٹی کے مرکزی ترجمان ہوں گے۔اس موقع پر سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہا اب بلوچستان سے بلیک میلنگ کی صدا نہیں آئے گی۔ ہمارے منشور میں معاشی اور سیاسی حقوق سر فہرست ہوں گے ان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ہر جگہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑتے نظر آئیں گے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی سیاسی جماعت ’’بلوچستان عوامی پارٹی‘‘میں وزیراعلی بلوچستان سمیت 32 اراکین صوبائی اسمبلی شمولیت اختیار کریں گے۔ذرائع نے بتایا کہ 6 سینیٹرز بھی نئی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔