یکم مئی کو انتخابی فہرستیں منجمد، ووٹروں کی تعداد11 کروڑ ہو جائے گی:الیکشن کمشن
اسلام آباد (نا مہ نگار) الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ یکم مئی کو انتخابی فہرستیں منجمد کردی جائیں گی‘ توقع ہے کہ ملک میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 11 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ نئی انتخابی فہرستیں ملک بھر میں 15 ہزار ڈسپلے مراکز پر آویزاں کر دی گئی ہیں۔ جمعرات کو الیکشن کمشن کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انتخابی فہرستوں میں 73 لاکھ نئے ووٹروں کا اندراج کیا گیا ہے جبکہ 8 لاکھ وفات پاجانے والے یا ترک شہریت کرنے والے ووٹروں کو انتخابی فہرستوں سے نکال دیا گیا ہے‘ اب تک رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 10 کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ چکی ہے‘ نئے ووٹروں کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے۔ توقع ہے کہ یہ تعداد 11 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ پنجاب میں 7 ہزار 928، سندھ میں 2 ہزار 585، خیبرپختونخوا میں 2 ہزار 545 جبکہ بلوچستان میں ایک ہزار 429 مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انتخابی فہرستیں ان ڈسپلے مراکز میں عوام کیلئے آویزاں کر دی گئی ہیں۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یکم مئی سے پہلے اپنے ووٹ کا اندراج یا درستگی کرا لیں، جس کے بعد ووٹ کا اندراج، منتقلی یا اخراج نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر اپنا ووٹ 8300 پر ایس ایم ایس کے ذریعے بھی معلوم کر سکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ کسی شہری کے ووٹ کے اندراج میں مسئلہ ہے تو ضلعی الیکشن کمشن کے دفتر سے درستگی کروا لیں۔
انتخابی فہرستیں