وزیراعظم بننے والے عمران میئرنہیں بن سکتے زرداری کراچی کا کچرا ہی اٹھالیں: سعد رفیق

30 مارچ 2018

لاہور( این این آئی) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شہباز شریف آئندہ وزیراعظم کے امیدار ہوں گے ،عمران خان صاحب مخالفین کو گالیاں دے کر اور الزام لگا کر ووٹ نہیں ملتے اور میرے اندازے کے مطابق آئندہ انتخابات میں آپ کے ووٹ گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں کم ہوں گے ،جو شخص کسی شہر کا میئر نہیں بن سکتا وہ کہہ رہا ہے مجھے اکیس کروڑ عوام کے ملک کا وزیراعظم بنا دو ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے حلقہ انتخاب میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اگر گھر میں لڑائی ہوتی ہے تو کوئی وقتی طور پر توجیتتا ہے اور اسے فائدہ ہوتا ہے لیکن حقیقت میں پورا گھر ہار جاتا ہے۔ ہم اپنے گھر کی لڑائی کو ختم کریں اور کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگیں ۔ عمران خان کے پاس پورا صوبہ ہے۔آصف زرداری کے پاس اگر سندھ میں کچھ ہوتا ہے تو وہ کراچی کا کچرا ہی اٹھا لیں۔ عمران خان وہاں آدم خور چوہوں کو ماریں او رپولیو کو کنٹرول کریں۔ ہم نے یہاں اس ڈینگی مچھر کو کنٹرول کیا ہے جو نظر نہیں آتا جبکہ آپ سے آدم خور چوہے ختم نہیں ہوئے اور خیبر پختوانخواہ سے آنے والا پولیو پورے ملک میں پھیل رہا ہے ۔ پشاور کو خوبصورت بناﺅ لوگ تمہیں ووٹ دیدیں گے لیکن گالیاں دے کر اورالزام لگا کر آپ کو ووٹ مل جائے گا تو اس طرح ووٹ نہیں ملتا بلکہ خراب ہوتا ہے ۔ میرا اندازہ ہے کہ پچھلی بار آپ جتنے ووٹ لے گئے تھے اب آپ کو اتنے نہیں ملیں گے۔لوگ گالیوں کی سیاست کو پسند نہیں کرتے۔ ملک چلانا سنجیدہ لوگوں کا کام ہے۔ آپ ابھی بھی غیر سنجیدہ اور الہڑ منڈا بنے ہوئے ہیںاور آپ کی نوجوانی ختم ہی نہیں ہو رہی۔ آپ کہتے ہیں مجھے پاکستان کا وزیراعظم بنا دو، آپ جیساشخص تو کسی شہر کا میئر نہیں بن سکتا۔ اگر وزیراعظم بننا ہے تو اپنی زبان ٹھیک کرو ، گالیاں نہ دو۔میر اکیس ابھی تک سپریم کورٹ میں چل رہا ہے حکومت ختم ہونے میں دو ماہ رہ گئے ہیں اورہم کہہ رہے ہیں کہ انصاف کر دو۔
خواجہ سعد رفیق