بال ٹیمپرنگ سکینڈل: سٹیون سمتھ‘ ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ نے قوم سے معافی مانگ لی
سڈنی (اے پی پی) سابق آسٹریلوی کپتان اور سٹار بلے باز سٹیون سمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر قوم سے معذرت کر لی، معافی مانگتے ہوئے سمتھ کی آنکھوں سے ندامت کے آنسو چھلک پڑے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کرنے پر سمتھ، وارنر اور بینکرافٹ پر انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور اسی وجہ سے تینوں کھلاڑیوں کو جنوبی افریقہ سے واپس وطن بھیج دیا گیا تھا۔ جمعرات کو وطن واپس پہنچنے کے بعد تینوں کرکٹرز سمتھ، وارنر اور بینکرافٹ نے اپنی غلطی پر قوم سے معذرت کی، سمتھ پریس کانفرنس کے دوران روتے ہوئے نظر آئے، انہوں نے کہا کہ بحیثیت کپتان میں واقع کی پوری ذمہ داری قبول کرتا ہوں، یہ سب کچھ میری نگرانی میں ہوا اسلئے میں کسی پر الزام نہیں لگاتا اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ میری قیادت کی ناکامی ہے، میں نے بال ٹیمپرنگ کی اجازت دے کربڑی غلطی کی اور رہتی زندگی تک مجھے پچھتاوا رہے گا، بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی اور ٹیم کی قیادت میرے لئے اعزاز کی بات ہے، میری وجہ سے فیملی، قوم، ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کو جتنی تکلیف پہنچی میں دل سے ان سے معافی مانگتا ہوں۔