علامہ اقبال فرینڈلی کرکٹ سیریز، الفتح کلب نے پنجاب کلب کو ہرادیا

30 مارچ 2018

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) الیون سٹار کرکٹ گراؤنڈ میں جاری علامہ اقبال 40- 40 فرینڈلی کرکٹ سیریز 2018کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک میچ میں الفتح کلب نے پنجاب کرکٹ کلب کو 19 رنز سے شکست دے دی۔ الفتح کلب نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 40 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 278رنز بنائے۔ ولید اقبال نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89گیندوں پر 105 رنز بنا کر ٹورنامنٹ  میں دوسری سنچری بنائی، دیگر نمایاں بیٹسمینوں میں عادل خان نے 75 اور فرحان ظفر نے 49 رنز بنائے۔ خرم اور معیز احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ پنجاب کلب اپنی باری میں 40 اوورز میں 259 رنز بناسکی۔ صالح ریاض 84، سردار علی 47 اور زاہد اقبال 38 رنز کیساتھ نمایاں بیٹسمین رہے۔ الفتح کلب کی جانب سے عادل خان نے تباہ کن باؤلنگ کی اور 21 رنز دے کر چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ولید اقبال نے 44 رنز دے کر دو جبکہ سعد اﷲ اور ارشد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔