قائداعظم یونیورسٹی میں تدریسی عمل بحال‘ وائس چانسلر کو چھٹی پر بھیج دیا گیا

30 مارچ 2018

اسلام آباد (نا مہ نگار)قائد اعظم یونیورسٹی میں اساتذہ کے احتجاج کے باعث ایک ماہ سے تعطل کا شکار تدریسی عمل بحال ہو گیا ہے، وائس چانسلر کو چھٹی پر بھیج دیا گیا، وائس چانسلر کیخلاف الزامات کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے ،الزامات ثابت نہ ہوئے تو ڈاکٹر جاوید اشرف واپس چارج سنبھال لیں گے،تفصیلات کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی میں اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے زیرا ہتمام وائس چانسلر کے استعفے کے لیے جاری اساتذہ کا احتجاج ختم ہو گیا ہے اور یونیورسٹی میں ایک ماہ سے تعطل کا شکار تدریسی عمل بحال ہو گیا ہے،جمعرات کو یونیورسٹی کی بسیں طلابء کو لینے کے لیے روانہ ہوئیں لیکن طلباء کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی ،کلاسیں بھی باقاعدگی سے نہ ہو سکیں۔وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف نے پرو وائس چانسلر کی ہدایت پر چارج چھوڑ دیاہے اور ان کو چھٹی پر بھیج دیا گیاہے ،یونیورسٹی کے سینیئر ڈین ڈاکٹر وقار علی کو یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر تعینات کر دیا گیا ہے،ذرائع کے مطابق اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کی طرف سے وائس چانسلر کیخلاف الزامات کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے،الزامات ثابت نہ ہوئے تو ڈاکٹر جاوید اشرف واپس چارج سنبھال لیں گے۔