مختلف دوست ممالک کے سفیروں اور ہائی کمشنرز کا دورہ نسٹ
اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مختلف دوست ممالک کے سفیروں اور ہائی کمشنرز نے نسٹ کا دورہ کیا۔ یہ چوتھا گروپ تھا جس نے گزشتہ دو ماہ کے دوران نسٹ کا دورہ کیا انہوں نے اپنے متعلقہ ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں اور نسٹ کے درمیان تعلیمی رابطوں کو مستحکم کرنے کی خواہش کااظہار کیا۔لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان ہلال امتیاز(ملٹری) (ریٹائرڈ) ریکٹر نسٹ نے یونیورسٹی کی سینئر مینجمنٹ کے ہمراہ برازیل، موریطانیہ، مراکو، نیدرلینڈ ، پرتگال ، رومانیہ، سعودی عرب، شام، تیونس، ترکی، ترکمانستان اور یوکرائن سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ مہمانوں کو نسٹ کی قومی اور بین الاقوامی کامیابیوں، گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ پروگراموں ، جدید ترین تحقیقی سہولیات، آر اینڈ ڈی سٹیٹس وغیرہ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مہمانان گرامی نے بہت کم وقت میں ہائیر ایجوکیشن میں نسٹ کی کامیابیوں کو سراہا۔ اس کے بعد ریکٹر نے مہمانوں کو نسٹ میں ریسرچ، باہمی تبادلہ پروگراموں، فیکلٹی موبلٹی اور ڈگری پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ بعد ازاں مہمانوں کو نسٹ کے مختلف اداروں خصوصاً یو ایس۔ پاکستان سینٹر برائے ایڈوانسڈ سٹیڈیز ان انرجی کا دورہ کرایاگیا۔ مہمانان گرامی تدریس اور تحقیقی انفراسٹرکچر کو دیکھ کر بہت متاثر ہوئے۔