اُمت ِ مُسلمہ کی سرخروئی و کامیابی کا راز اتحاد بین المسلمین میں مضمر ہے

30 مارچ 2018

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی) عالم ِ اسلام کے تمام مکاتب ِ فکر کے جیّد علماء کرام و مشائخ عظام نے کہا ہے کہ اُمت مسلمہ کی سرخروئی و سرفرازی کا راز اتحاد بین المسلمین میں مضمر ہے اور اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ باہم متحد ہو کر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ جسکے لیے علماء کرام و مشائخ عظام کووطن عزیز پاکستان میں اُمت کی بہتر رہنمائی کیلئے خود میدان میں اترنا ہوگا۔جبکہ وطن عزیز کی سرحدات پر داعش کے مرتب ہونے والے اثرات کو خطرناک قرار دیتے ہوئے علماء کرام و مشائخ عظام نے پاک فوج کے اقدامات کی بھی تائید کی اس امر کا متفقہ اعلان اسلام آباد کے معروف علمی ‘ تحقیقی ادارے جامعۃ الکوثر میں منعقدہ ’’ بین الاقوامی علماء و مشائخ اسلام کانفرنس میں کیا گیا جس میں برادر اسلامی ملک عراق سے حرم امام حسین ؑ سے آئے نمائندہ وفد کے سربراہان اور مہمانان خصوصی السید محمد علی الحلو اور السید جلو خان کے علاوہ ، قائد ِ ملت ِ جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی، معر وف سکالر اور جامعتہ الکوثر کے سربراہ علامہ شیخ محسن علی نجفی ،پیر ضیا اللہ شاہ بخاری ، جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سنینٹر عبدالغفور حیدری، متحدہ مجلس عمل کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ، متحدہ مجلس عمل کے ڈپٹی مرکزی سیکرٹری جنرل اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر علامہ عارف حسین واحدی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔