چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد نورمسکینزئی کا ہائر ایجوکیشن کمیشن سیکرٹریٹ کا دورہ
اسلام آباد(نا مہ نگار)چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد نورمسکینزئی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران بلوچستان میں اعلی تعلیم کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر مختار احمد نے بلوچستان کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اقدامات اور کارکردگی سے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کو آگاہ کیا ۔ ڈاکٹر مختار احمد نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کو ان وظائف کی تفصیلات سے آگاہ کیا جو خصوصاً بلوچستان کے طلباء کو دیے جاتے ہیں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ بلاچستان اور فاٹا کے طلباء کو تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے جاری کردہ وظائف پر مبنی پروگرام کے دوسرے فیز کا آغاز ہوچکا ہے جس کے تحت 3900کے قریب بلوچستان اور فاٹا کے طلباء کو اعلی تعلیم کی فراہمی میں مالی معاونت کی جائے گی ۔ چیئرمین نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن بلوچستان کے 100طلباء کو لاء کی تعلیم کے حصول کے لیے وظائف فراہم کرے گا۔