لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ بارایسوسی ایشن کے وفد کی وزیر مملکت آئی ٹی سے ملاقات

30 مارچ 2018

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کی بارایسوسی ایشن کے وفد نے حفظہ بخاری کی زیر قیادت جمعرات کو وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان سے ملاقات کی، وفد میں ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران بھی شامل تھے۔ انوشہ رحمان نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وکلاء کا انصاف کے نظام میں بڑااہم کردار ہے اور عام آدمی کو روزانہ کی بنیاد پر عام آدمی کو انصاف دلانے میں بھی وکلاء ہی کردار ادا کرتے ہیں اور مجھے قانون دانوں اور وکلاء کی برادری کا حصہ ہونے پر فخر ہے۔وفد کے اراکین نے ملاقات کے لیے وقت دینے پر وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ انوشہ رحمان نے وفد کو انفارمیشن مواصلاتی ٹیکنالوجیز کے بارے میں اپنی وزارت کی کلیدی شروعات اور اقدامات کے بارے میں بتایا۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی شفافیت کا قومی اور بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے اور ٹیلی کام پالیسی کے تحت سپیکٹرم کی نیلامی میں شفافیت پر3 بین الاقوامی ایوارڈ بھی ملے ہیں ۔