ٹی20 سیریز، وزیراعلیٰ کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کی ہدایت

30 مارچ 2018

کراچی( اسپورٹس رپورٹر ): وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پاکستان ویسٹ انڈیزکے درمیان ہونے والے کرکٹ میچز کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا۔: وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو فول پروف سیکوریٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں صوبائی وزراء ،جام خان شورو، سید ناصر شاہ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید، آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اجلاس کے تمام شرکاء اور دیگر متعلقہ اداروں اور افسران کو پی ایس ایل کے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔انہوں نے کہا کہ یہ آپ سب کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ ثابت کردیاہے کہ ہم اس شہر میں اور صوبے میں کہیں بھی بہترین ایونٹس منعقد کرسکتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی ایس ایل کے انتظامات شاندار تھے مگر اس مرتبہ ہمیں انہیں مزید بہتر بنانا ہے تاکہ توقعات پر پورا اترا جاسکے۔ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید کی سفارشات پر وزیر اعلیٰ سندھ نے مختلف ٹاکس کے انچارجوں کو نامزد کیا۔ڈی آئی جی سائوتھ ہوٹل سیکوریٹی کے انچارج ہوں گے۔ ڈی آئی جی ٹریفک ٹریفک روٹس کے انچارج ہوں گے۔ ڈی سی شرقی پارکنگ اقدامات کے انچارج ہوں گے۔ اس بات کا بھی فیصلہ کیاگیا کہ اس مرتبہ پینے کے پانی کا وافر مقدار میں بندوبست کیا جائے گا۔پی سی بی نے مزید فوڈ اسٹالز کے انتظامات کرنے پر بھی زور دیاہے۔وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ میچ شام 7 بجے تک شروع ہوسکے گا۔ اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان دنوں میں میٹرک کے امتحانات بھی شروع ہورہے ہیں لہٰذا طلباء کے امتحانی مراکز میں پہنچنے کے حوالے سے سہولیات پہنچانے کے لیے بھی تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ کچھ سڑکیں بند ہوسکتی ہیں مگر سڑکوں کی اس بندش سے امتحانات کا عمل کسی صورت بھی متاثر نہیں ہونا چاہیے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پارکنگ کے لیے اسٹیکرز مختلف دنوں کے حوالے سے مختلف ہوں گے۔وی وی آئی پی اسٹیکر بھی مختلف رنگوں میں ہوں گے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کم سے کم وی وی آئی پی اسٹیکر جاری کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے وی وی آئی پی کلچر کی حوصلہ شکنی کرنی ہے۔