یوفون بلوچستان فٹبال کپ ،ایکوا فٹبال کلب نے ٹرافی اپنے نام کرلی

30 مارچ 2018

کراچی(اسپورٹس رپورٹر) یوفون بلوچستان فٹبال کپ کے فائنل میں ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ نے نوشکال بلوچ فٹبال کلب نوشکی کو 2 - 1 گول سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔ فائنل میچ ریلوے گراؤنڈ کوئٹہ میں کھیلا گیا جہاں بڑی تعداد میں لوگ، اہم شخصیات، صحافی اور یوفون کے حکام موجود تھے۔ مہمان خصوصی اسپورٹس سیکریٹری بلوچستان منظور احمد نے ٹرافی فاتح ٹیم کے حوالے کی۔ منظور احمد نے کہا، "یہ یوفون کا اہم اقدام ہے۔ اس طرح کی سرگرمیوں سے نہ صرف اچھی صحت کو فروغ ملتا ہے بلکہ نوجوانوں کے اندر اعتماد بھی بڑھتا ہے اور انہیں بہتر مواقع ملتے ہیں ۔ فائنل کے پہلے ہافکے اختتام تک کوئی ٹیم گول اسکور نہ کرسکی ۔ نوشکال بلوچ فٹبال کلب کے عبدالمالک نے میچ کے دوسرے ہاف میں پہلا گول کرکے اپنی ٹیم کو سبقت دلادی۔ 15 منٹ بعد ایکوا فٹبال کلب کے شیر حسان نے گول کرکے میچ 1-1اسکور سے برابر کردیا ۔ میچ ختم ہونے سے چند منٹ قبل ایکوا فٹبال کلب کوئٹہ کے نصر اللہ نے پینلٹی پر گول اسکور کرکے اس چیمپیئن شپ کی دوڑ میں اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنادی۔ اس سال یہ چیمپیئن شپ صوبے کے چھ شہروں کوئٹہ، پشین، خضدار، چمن، لورالائی اور نوشکی میں منعقد ہوئی ۔