بڑے نام نہ ہونے کے باوجود ویسٹ انڈین خطرناک ہے‘ مکی آرتھر

30 مارچ 2018

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ٹی20- سیریز میں مہمان ٹیم میں بڑے نام نہیں اس کے باوجود یہ سیریز سخت ہوگی۔ وہ نیشنل اسٹیڈیم میں نیٹ پریکٹس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ مکی آرتھر نے کہاکہ یہ صحیح ہے کہ حریف ٹیم چند بڑے ناموں کے بغیر کراچی پہنچ رہی ہے۔ تاہم اس ٹیم کو کمزور نہیں سمجھنا چاہئے۔ ویسٹ انڈیز میں ینگ ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سیریز کیلئے بے چین ہوں طویل عرصہ کے بعد پاکستان کی سرزمین پر ایک اچھی سیریز ہونے جا رہی ہے تمام کھلاڑی بھی بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔ امید ہے کہ یہ سیریز اچھی ہوگی اور چند نئے چہرے بھی ملیں گے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف نئے لڑکوں کو چانس دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ مستحکم اور طاقتور ہے تاہم میںنئے لڑکوں کو کھلانا چاہتا ہوں۔ مکی آرتھر نے کہاکہ پی ایس ایل کی وجہ سے ہمیں نیا ٹیلنٹ ملا۔ میری کوشش ہے ان کھلاڑیوں کوٹی20- سیریز میں موقع دوں۔ مہمان ٹیم کے بارے میں انہوں نے کہاکہ حریف ٹیم چند بڑے ناموں کے بغیر کراچی آ رہی ہے۔ اس کے باوجود مقابلہ سخت ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل کی وجہ سے ہمیں چند نئے اور باصلاحیت بولرز ملے تاہم بیٹنگ کے شعبہ سے میں متاثر نہیں ہوسکا۔نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم نے شام کے سیشن میں بھرپور نیٹ پریکٹس کی۔