میامی اوپن ‘وینس ولیمز کو اپ سیٹ شکست کا سامنا

30 مارچ 2018

میامی(آئی این پی)وینس ولیمز کو میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل میں ہم وطن کوالیفائر کھلاڑی ڈینلی روز کولنز کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میامی اوپن کے سلسلے میں جمعرات کو کھیلے گئے ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل میں امریکن کھلاڑی ڈینلی روز کولنز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہم وطن کھلاڑی وینس ولیمز کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-3 سے اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ ارجنٹائن کے جان مارٹن ڈیل پوٹرو اور امریکہ کے جان اسنر فتوحات برقرار رکھتے ہوئے میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے جبکہ برائن برادرز نے مینز ڈبلز سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ امریکی ریاست فلوریڈا میں جاری ایونٹ میں جمعرات کو کھیلے گئے مینز سنگلز کوارٹر فائنلز میں ارجنٹائن کے کھلاڑی جان مارٹن ڈیل پوٹرو نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کینیڈین کھلاڑی میلوس رائونک کو سخت مقابلے کے بعد ٹائی بریک پر 5-7، 7-6، (7-1) اور 7-6، (7-3) سے ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، دوسرے کوارٹر فائنل میں امریکہ کے جان اسنر نے جنوبی کورین کھلاڑی ہیون چنگ کو سٹریٹ سیٹس میں 6-1 اور 6-4 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، دوسری جانب مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں مائیک برائن اور باب برائن پر مشتمل امریکن جوڑی نے جنوبی افریقہ کے راون کلاسن اور ان کے نیوزی لینڈ کے جوڑی دار مائیکل وینس کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 3-6، 7-6، (7-5) اور 10-8 سے ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔