بال ٹیمپرنگ اسکینڈل‘ لی مین آسٹریلین ٹیم کی کوچنگ سے مستعفی

30 مارچ 2018

کراچی(اسپورٹس ڈیسک) بال ٹیمرپنگ اسکینڈل آسٹریلین کرکٹ کے لیے ہر گزرتے دن کے ساتھ ایک بدترین ڈراؤنا خواب بنتا جا رہا ہے اور ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیرن لی مین کوچنگ سے مستعفی ہو گئے اور جنوبی افریقہ کے خلاف شیڈول چوتھا ٹیسٹ ان کا بطور کوچ آخری میچ ہو گا۔آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں کیمرون بین کرافٹ ایک پیلے ٹیپ کی مدد سے بال ٹیمپرنگ کرتے پکڑے گئے تھے۔کپتان اسٹیون اسمتھ نے اسے قیادت کا منصوبہ قرار دیا جس کے بعد انہیں اور ان کے نائب ڈیوڈ وارنر کو فوری طور پر عہدے سے برطرف کردیا گیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اسمتھ پر ایک میچ کی پابندی لگائی لیکن معاملہ صرف یہاں نہ رکا اور آسٹریلین کرکٹ نے اسمتھ اور وارنر پر ایک، ایک سال اور بین کرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کردی۔کرکٹ آسٹریلیا کے تحقیقانی پینل نے بال ٹیمپرنگ واقعے پر لی مین کو بے قصور ٹھہراتے ہوئے انہیں ٹیم کا کوچ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم ایک روز بعد ہی ڈیرن لی مین نے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ جوہانسبرگ ٹیسٹ بطور کینگروز کوچ ان کا آخری میچ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جو کچھ بھی ہوا مجھے اس پر افسوس ہے، یہ میرے لیے مشکل اور تکلیف دہ فیصلہ ہے تاہم فیملی سے مشاورت کے بعد یہ قدم اٹھایا۔