سی ڈی اے کے 4 افسران اور صفا گولڈ مال کے مالک کیخلاف ریفرنس دائر

30 مارچ 2018

اسلام آباد(نا مہ نگار)قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے احتساب عدالت میں صفاگولڈمال کیس میں سی ڈی اے کے چار افسران اور صفا گولڈ مال کے مالک کیخلاف ریفرنس دائرکردیاہے،نیب اعلامیہ کے مطابق ملزمان سابق ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل غلام مرتضی، سی ڈی اے کے سابق ڈپٹیڈائریکٹرجنرل خلیل احمد،سابق ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عمار ادریس،اسسٹنٹ ڈائریکٹر خادم حسین اورصفا گولڈ مال کے مالک رانا عبدالقیوم نے ملی بھگت سے سروس ایریا کو کورڈ ایریا میں تبدیل کیااور صفا گولڈ مال کو الاٹمنٹ ایریا کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اضافی منزلیں تعمیر کرنے کی اجازت دی۔ملزم رانا عبدالقیوم نے پلاٹ کو الاٹی ہونے کے ناطے جان بوجھ کر سی ڈی اے کے افسران کی ملی بھگت سے مجرمانہ طور پر غیر قانونی فوائد حاصل کیے۔جس سے سرکاری خزانے کو ایک ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔پانچوں ملزمان کو 20نومبر2017کو گرفتار کیا گیا تھا۔وہ27نومبر تک نیب کی تحویل میں رہے جس کے بعد انہیں جیل بھیج دیا گیا تھا۔ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی ہدایات کی روشنی میں بدعنوان عناصر سے قوم کی لوٹی ہوئی رقم واپس لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب نے واضح ہدایات دی ہیں کہ کرپشن کے مقدمات کی پیروی کی جائے اور شفافیت کے ساتھ نیب کے معیار کے مطابق مقدمات کو آگے بڑھایا جائے تاکہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے بدعنوان عناصر کو گرفتار کیا جاسکے۔