امیر مقام کی ملالہ کو شانگلہ‘ سوات اور پشاور کا دورہ کی دعوت
اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی)وزیراعظم کے مشیر و مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے ملالہ یوسفزئی کو اپنے آبائی ضلع شانگلہ، سوات اور صوبائی دارالحکومت پشاور آنے کی بھی دعوت دی اور کہا ہے کہ ملالہ یوسفزئی نے شانگلہ کی سنگلاخ چٹانوں سے نکل کر پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر دیا جو تاریخ کا انمٹ باب رہے گا۔ ملالہ کے والد ضیاء الدین نے بھی دہشت گردی کے مشکل ترین دور میں خوشحال پبلک سکول مینگورہ سے علم کا چراغ جلائے رکھا اور تعلیم کے فروغ میں کسی کے دبائو میں نہیں آئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ملالہ کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔