نیول چیف کی زیر صدارت نیول ہیڈ کوارٹرز میں کمانڈاینڈ سٹاف کانفرنس

30 مارچ 2018

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کی۔ کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریو ں ،موجودہ سکیورٹی صورت حال اورٹروپس کی ٹریننگ و فلاح سے متعلق مختلف اُمور کا جائزہ لیا گیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاک بحریہ کے مختلف جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ سکیورٹی کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹا ف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نیول چیف نے پاکستان کے نہایت اہم میری ٹائم انفراسٹرکچرکے بحری دفاع اورقومی میری ٹائم اثاثوں کے تحفظ کے سلسلے میں پاکستان نیوی کے عزمِ صمیم کا اعادہ کیا۔نیول چیف نے مشق رباط۔۱۸ کے کامیاب انعقاد کو سراہا اور عمومی و غیرعمومی چیلنجز سے اعلیٰ درجے کی آپریشنل تیاریوں کے ساتھ نبرد آزما ہونے پر زور دیا ۔ آپ نے خطے میں میری ٹائم انوائرمنٹ میں ہونے والی تبدیلیوں اور ملکی میری ٹائم مفادات کے تحفظ کابغور مشاہدہ کرنے کی تلقین کی۔