سٹے آرڈر کی بیساکھی پر کھڑے سعد رفیق اپنی پارٹی کی فکر کریں، سعید غنی
اسلام آباد(خبر نگار)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے وفاقی وزیر سعد رفیق کی طرف سے آصف علی زرداری پر تنقید کے جواب میں کہا ہے کہ سٹے آرڈر کی بیساکھی پر کھڑے سعد رفیق کو پاکستان پیپلزپارٹی کی فکر کرنے کی بجائے اپنی اور اپنی پارٹی کی فکر کرنی چاہیے۔ سعید غنی نے کہا کہ ن لیگ والوں کے اعصاب پر آصف علی زرداری سوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے الزام میں نیب سعد رفیق اور ان کے بھائی کو بلاتا ہے تو کرپشن کے سوال کا جواب دینے کے بجائے کہتے ہیں کہ آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی کو تباہ کر دیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ یہی حال مسلم لیگی تمام وزرائ کا ہے۔ ان سے لندن پراپرٹی اور عزیزیہ اسٹیل ملزکے حوالے سے پوچھا جاتا ہے کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا تو جواب آتا ہے کہ نواز شریف کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔ دریں اثنا پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا کہ ہر کرپٹ شخص عمران نیازی کا اصل چہرہ ہے جہانگیر ترین، لیاقت جتوئی اور علیم خان پی ٹی آئی کے اوپننگ بیٹسمین ہیں۔ عمران نیازی اکرام اللہ نیازی کا بھی تعارف کرائے۔ عاجز دھامراہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کرپٹ عناصر کی باقیات کی انجمن ہے جہاں کرپٹ اور سیاسی خانہ بدوش پناہ گزین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نواز شریف نے اقتدار میں آکر اثاثے بنائے ہیں تو عمران نیازی نے بھی کے پی میں حکومت میں آکر اپنا کاروباری ہسپتال بنایا ہے۔ عاجز دھامراہ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی کا ڈاکخانہ ایک ہے۔