کر اچی سمیت سندھ میں شدید گرمی کی لہر، سورج سوا نیزے پر آگیا

30 مارچ 2018

کراچی/ میرپورخاص/( خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار) کراچی میں جمعرات کو سورج آگ اگلتا رہا پارہ41.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ جب کہ شدت46 ڈگری جیسی تھی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ سے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے درجہ حرارت 38 سے 40 کے درمیان رہے گا ۔واضح رہے کہ کراچی میں مارچ کے مہینے میں گرمی کی شدت سے شہری بلبلا اٹھے رہی سہی کسر پانی کے بحران اور بجلی کی  لوڈ شیڈنگ نے پوری کردی۔ جیکب آباد میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ میرپورخاص جھڈو او ر دیگر شہروںمیںدرجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر گیا سخت گرمی کی وجہ سے شہر کی سڑکیں اور شاہراہیں ویران بازاروں میں ہو کا عالم ٹھنڈی اشیاء اور مشروبات کی فروخت میں اضافہ تفصیلات کے مطابق اندرون سندھ ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور روز بروز گرمی کا پارہ چڑھتا جا رہا ہے شدید گرمی کی وجہ سے بازار اور مارکیٹیں سنسان دکھائی دے رہی ہیں ۔سڑکوں پر ہو کا عالم اور کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں شدید گرمی کے دوران شہر بھر میں پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور شہری گرمی سے بلبلا رہے ہیں جبکہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے سخت گرمی کے موسم میں شہریوں کی زندگی مذید اجیرن کر دی ہے ہسپتالوں میں مریض سخت پریشان ہیں جبکہ شدید گرمی کے دوران نویں اور دسویں جماعتوں کے امتحان دینے والے طلباء وطالبات بھی سخت گرمی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں سخت پریشان ہیں ۔