ٹاک شوز پروگرام کیلئے ایک مشورہ

30 مارچ 2018

مکرمی! تمام ہی ملکی ٹی وی چینلز پر مختلف اوقات میں متنوع قسم کے پروگرام بشمول ٹاک شوز اور دیگر ہوتے رہتے ہیں اور ان میں متنوع قسم کے لوگ اپنی آرا کے علاوہ دیگر لایعنی قسم کی گفتگو بھی کر جاتے ہیں جو کبھی ملکی، مذہبی اور معاشرتی اقدار کے خلاف ہی نہیں بلکہ انکو تہس نہس کرنے والی ہوتی ہیں، جن کو سن کر بسا اوقات انسان کا خون کھولنے لگتا ہے مگر اس وقت ان سے رابطے کا ذریعہ نہیں ہوتا کہ جس کے ذریعے ان ناہنجاروں کو صاف صاف اور سیدھی سیدھی سنائی جائیں۔ اس جھنجھلاہٹ سے بیکسی، بے چینی، انتشار و خلفشار خون کا پیدا ہونا ناگزیر ہے۔ اگر انسان اسی وقت ان کو جواب دے سکے تو ان عوارض کا شکار نہیں ہوتا لہذا چیئرمین پیمرا سے پرزور گزارش ہے کہ تمام ٹی وی چینلز کو اس بات کا مکمل پابند بنائیں کہ تمام شوز اور خصوصاً ٹاک شوز میں ہمہ وقت اپنا ایک پی ٹی سی ایل (لینڈ لائن) نمبر اور موبائل نمبر براہ راست دکھائیں تاکہ عوام الناس میں سے بھی جو چاہے شرکت کر کے اپنے جذبات و احساسات کا اظہار کرکے وضاحت حاصل کر سکے یا پہنچا سکے۔ (میاں محمد رمضان (DTLLLB) ٹائون شپ، لاہور موبائل نمبر: 4323373:0333 )