ڈالر بلندیوں پر وپے کی بے قدری، معیشت زمین بوس
مکرمی! ڈالر ملکی تاریخ کی بلندیوں کو چھو گیا روپے کی بے قدری ہو گئی زرمبادلہ کے ذخائر مسلسل گر رہے ہیں، معیشت تباہ ہوتی نظر آ رہی ہے، حکومتی حمایتی کہنے ہیں کہ اگر نواز شریف کو نہ ہٹایا جاتا تو ڈالر کی قیمت بڑھتی نہ روپے کی قدر میں کمی ہوتی اور نہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہر ماہ بڑھانا پڑتیں۔ اسٹیٹ بنک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق آئندہ چار ماہ میں زرمبادلہ کے ذخائر میں ہونے والی کمی خصوصی توجہ کی طالب ہے اسٹیٹ بنک کے فارن کرنسی ذخائر اس ہفتے کے اواخر میں 182 ملین ڈالرز تک گرے ہیں۔ یہ کمی بیرونی قرضوں کی ادائیگی کیوجہ سے ہوئی ہے تاہم ملک میں جاری مستقل سیاسی کشیدگی اور اداروں کے درمیان تنائو کی کیفیت کو منفی اعشاریوں کے اسباب میں شامل نہ کرنا حقائق سے نظریں چرانے کے مترادف ہوگا۔ آئی ایم ایف نے بھی اپنی ایک حالیہ رپورٹ مں پاکستان کے بڑھتے ہوئے قرضوں کو ملکی معیشت کیلئے انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ کیا حکومتی اور سیاسی زعماء ملک کی بگڑتی معاشی صورت حال کی جانب توجہ فرمائینگے؟ (رائو محمد محفوظ آسی ٹائون شپ لاہور)