’’فلاح انسانیت‘‘ کے اثاثے منجمد کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ملتوی
اسلام آباد ( وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ میں فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے اثاثے منجمد کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی ہے عدالت نے درخواست گزار کو ایک ہی عدالت میں کیس کی پیروی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ گزشتہ روز جسٹس عامرفاروق نے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے اثاثے منجمند کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت کی عدالتی کاروائی شروع ہوئی تو وفاق کی طرف سے جواب جمع نہ کرائے جانے پرجسٹس عامرفاروق نے برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ آئندہ سماعت تک جواب جمع نہ کرایا گیا تودستیاب ریکارڈ پرفیصلہ سنا دیں گے جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایاکہ ایسی ہی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں بھی زیرسماعت ہے مماثلت رکھنے والی درخواستیں دومختلف عدالتوں میں نہیں سنی جاسکتیں ، عدالت نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کس عدالت میں پیروی کرنی ہے فیصلہ کرلیں اور تفصیلی جواب جمع کرائیں عدالت نے کیس کی سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔