واشنگٹن : سعودی ولی عہد کی 40 عالمی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں

30 مارچ 2018

واشنگٹن (اے پی پی) سعودی عرب کے ولی عہد،نائب وزیراعظم اور جنرل انویسٹمنٹ فنڈ کے چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹر محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے امریکا میں 40 بین الاقوامی کمپنیوں کے سرہراہان سے ملاقاتیں کیں۔سعودی عرب کے خبر رساں اداروں کے مطابق عالمی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹوز سے ملاقاتوں میں ولی عہد نے تین بڑے منصوبوں نیوم، بحر الاحمر پروجیکٹ اور القدیہ منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی اور ان کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ تینوں پروجیکٹ سعودی عرب کے روشن مستقبل، اقتصادی ترقی اور سماجی بہبود کے حوالے سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔واضح رہے کہ منگل کو سعودی ولی عہد نے سافٹ بنک کے ساتھ شمسی توانائی کے سب سے بڑے منصوبے پر دستخط کئے۔ اس منصوبے کے تحت 200 گیگا واٹ بجلی پیدا کی جاسکے گی۔ جس پر 200 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی۔