ایرا ن : احمدی نژاد کے اتحادی سابق نائب صدر کی جیل میں بھوک ہڑتال، حالت تشویشناک

30 مارچ 2018

تہران (آن لائن)ایران کے سابق صدر محمود احمدی نڑاد نے کہا ہے کہ ان کے اتحادی سابق نائب صدر حمید بقائی اپنی گرفتاری کے بعد سے بھوک ہڑتال پر ہیں اور ان کی صحت روز بروز بگڑتی جارہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سابق نائب صدر کو سیاسی محرکات کی بنا پر جیل میں قید کیا گیا ہے۔انھوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ایک خط لکھا ہے اور یہ ان کے حامیوں نے ایک ویب گاہ دولتِ بہار پر شائع کیا ہے۔احمدی نڑاد کا قدامت پسند اسٹیبلشمنٹ بالخصوص عدلیہ کے ساتھ تنازع چل رہا ہے اور وہ ملک کے نظام حکومت میں بہتری کے لیے وسیع تر اصلاحات کا مطالبہ کررہے ہیں۔انھوں نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ’’ عدالتی نظم نے کسی دستاویز یا ثبوت یا قانونی حوالے کے بغیر ہی مالیاتی الزام کی بنیاد پر بند کمرے کی سماعت کے بعد حمید بقائی کو سخت ترین سزا سنا دی تھی‘‘۔حمید بقائی احمد نڑاد کے دور حکومت میں ان کے نائب صدر رہے تھے۔انہیں ایرانی عدلیہ نے اسی ماہ 37 لاکھ 66 ہزار یورو اور پانچ لاکھ 90 ہزار ڈالرز خرد برد کرنے کے الزام میں قصور وار قرار دے کر 15 سال قید کی سزا سنائی ہے۔احمد نژاد نے آیت اللہ علی خامنہ ای سے مطالبہ کیا ہے کہ ’’وہ کسی بڑے المیے اور ناقابل تلافی نقصان سے بچنے کے لیے فوری مداخلت کریں ۔احمدی نڑاد اور حمید بقائی کا دعویٰ ہے کہ دسمبر میں اس مقدمے کی سماعت کے وقت رقوم کی مبیّنہ منتقلی کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا تھا۔