کراچی آپریشن تیز، کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں، ٹارگٹ کلرز سمیت 20 ملزم گرفتار
کراچی( کرائم رپورٹر)گلستان جوہر میں سرچ آپریشن کے دوران بھاری اسلحہ برآمد ستر سے زائد مشتبہ افراد کے کوائف بھی چیک کئے گئے۔ دیگر علاقوں سے 20 ملزم گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیاگیا۔سرچ آپریشن بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب گلستان جوہر کے بلاک 6 اور 7میں کیا گیا جس میں پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران جھاڑیوں میں پڑے ہوئے چار بیگ ملے جن میں اسلحہ موجود تھا‘ بیگوں سے برآمد اسلحہ کوقبضے میں لے لیا گیا‘ جس میں تین کلاشنکوفیں‘ ایک ایم پی فائیو گن ایک ریپیٹر اور ہزاروں رائونڈ شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد شدہ اسلحہ کا فارنزک تجزیہ کردیا جائے گا۔ اس سلسلے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تاہم فوری طورپر کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ مزید برآں رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر20 ملزمان کو گرفتار اور ان کے قبضے سے اسلحہ ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات برآمد کرلی۔ رینجرز کے ترجمان کے مطابق سعید آبلو اور سمن آباد سے کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ سے تعلق رکھنے والے تین ملزمان عبدالصمد، محمد آصف عرف داد اور محمد بلال عرف رشید کو گرفتار کیا گیا جو ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں جوہر آباد او ربلدیہ ٹائون سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث دو ملزمان محمد عامر خان عرف محمد حسین چوہان عرف لالا کو گرفتار کیا گیا جن کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے جیکسن اور عید گاہ سے ٹارگٹ کلنگ اور غیر قانونی اسلحہ کی ترسیل میںملوث لیاری گینگ وار کے دو کارندوں اسلم چوہان او رمعراج کو گرفتار کیا گیا عوامی کالونی اور جیکسن میں چھاپے مار کر بھتہ خوری میںملوث دو ملزمان کامران عرف کالو اور جعفر عرف ظفرا کو گرفتار کیا گیا عوامی کالونی اور جوہر آباد سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں پانچ ملزمان محمد عمیر عرف ہانی، عمران ، عابد علی، کامران اور زبیر پٹھان عرف ملا کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جب کہ لانڈھی ، کلفٹن اور عید گاہ سے منشیات اورگٹکے کی فروخت میںملوث چار ملزمان محسن نادر، اکبر حسین ، محمد ناصر اور طاہر علی کو گرفتار کرلیا گیا۔ اورنگی ٹائون کے علاقے فرنٹیئر کالونی سے دو رہزن پکڑے گئے ۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان عامر او رہاشم رکشہ میں سوار خاتون کو لوٹ رہے تھے ۔ ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا دونوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
کراچی/ گرفتار