پاکستان نے ایک اور سب میرین کروز میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا

30 مارچ 2018

راولپنڈی (مانیٹرنگ نیوز) پاکستان نے سب میرین کروز میزائل بابر کا میاب تجربہ کر لیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے کامیابی سے ایک اور سب میرین کروز میزائل کا تجربہ کر لیا جس کی رینج 450 کلومیٹر ہے جسے مقامی طو پر تیار کیا گیا ہے۔ میزائل کو زیر سمندر فائر کیا گیا جس نے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ آبدوز سے داغا جانے والا کروز میزائل بابر کئی اقسام کے ہتھیار لے جانے جبکہ زیر آب پروپلشن کے ساتھ جدید ترین گائیڈنس اور نیوی گیشن کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ میزائل تجربہ کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کی جانب اہم قدم ہے یہ تجربہ پڑوسی ملک کی جانب سے اشتعال انگیزی اور بڑھتے جوہری خطرات کے پیش نظر کیا گیا جبکہ میزائل کے ذریعے پاکستان نے قابل بھروسہ سیکنڈ سٹرائیک صلاحیت حاصل کر لی ہے۔ ڈی جی اسٹرٹیجک پلان ڈویژن‘ چیئرمین نیسکام و دیگر حکام نے میزائل تجربہ دیکھا۔ چیئرمین جوائنٹ آف چیف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے سائنسدانوں‘ انجنئیرز اور این ایس ایف سی اہلکاروں کو اس اہم سنگ میل کو عبور کرنے پر مبارکباد دی ہے۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے بھی اس کوشش میں شامل سائنسدانوں‘ انجیئنرز اور این ایس ایف سی اہلکاروں کو مبارکباد دی۔
کروز میزائل/ تجربہ