پیپلز پارٹی حیران کن نتائج حاصل کرے گی!

30 مارچ 2018

بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور آصف علی زرداری کی سیاسی حکمت عملی رنگ دکھائے گی،پیپلز پارٹی کا ورکر پاکستان کے ہر کونے میں موجود ہے،الیکشن مہم کے سلسلہ میں پورے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا جائے گا

امسال 2018ء میں انعقاد پذیر ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی حیران کن نتائج حاصل کرے گی۔ پیپلز پارٹی کا ورکر، سپورٹر اور ووٹر پاکستان کے کونے کونے میں موجود ہے اور اپنی جگہ پکا ہے۔ لاکھ کوششوں کے بعد بھی پیپلز پارٹی کے جیالے کو اس کے مقصد سے نہیں ہٹایاجاسکتا اور نہ ہی ووٹر کو توڑا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی متحدہ عرب امارات کے راہنماؤں نے عمان میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کیا۔ پی پی پی کے حالیہ اجلاس کے میزبان پی پی پی عمان کے مستعد اور فعال کارکن و سینئر لیڈر چودھری راشد علی بریار نے کیا تھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی مہمان منیراحمد ہانس جبکہ پروگرام کوآرڈی نیٹرملک محمد اسلم تھے۔ تقریب میں شفیق صدیقی، مظفرباجوہ، رضوان عبداللہ، ذوالفقار مغل اور دیگرکارکنان نے شرکت کی۔اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن پورے متحدہ عرب امارات میں پھیلے ہوئے ہیں جن کے ساتھ الیکشن رابطہ مہم شروع کی جارہی ہے ۔اس سلسلہ میں امارات کی تمام ریاستوں میں تقریبات کی جائیں گی اور اجلاس منعقد کئے جائیں گے تاکہ الیکشن کی تیاری کے لئے سب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جا سکے۔ مقررین نے کہا کہ پی پی پی امارات کے سینئرکارکن اور لیڈران الیکشن مہم میں حصہ لینے کے لئے پاکستان بھی جائیں گے اور انہیں اپنے لیڈران کے سنگ سنگ الیکشن میں حصہ لیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت اور آصف علی زرداری کی سیاسی حکمت عملی اپنا رنگ دکھائے گی اور الیکشن کے حیرت انگیز نتائج سامنے آئیں گے۔ اس موقع پر بلاول بھٹوزرداری کی کوششوں اور آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت کی خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تنظیم نو کے بارے بتایا گیا کہ پی پی پی کی تنظیم نوکا کام پوری دنیا میں سرعت کے ساتھ جاری ہے جو مستقبل قریب میں مکمل کر لیا جائے گا۔ تقریب کے آخر میں شرکائے تقریب نے میزبان چودھری راشد علی بریار کا شکریہ ادا کیا جبکہ انہوں نے اجلاس میں شرکت کرنے والوں کا بھی جواباً شکریہ ادا کیا۔