یوم پاکستان اورپاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں تقریبات

30 مارچ 2018

متحدہ عرب امارات میں جہاں سرکاری سطح پر 23 مارچ یوم پاکستان جوش و خروش اور ولولے سے منایا گیا۔وہاں پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی ، پاکستان سوشل سنٹر شارجہ اور دیگر اداروں نے بھی متعدد تقریبات اور پروگراموں کا انعقادکیا۔متحدہ عرب امارات میں پاکستانی صحافیوں کی نمائندہ رجسٹر تنظیم پاکستان جرنلٹس فورم نے بھی پاکستان سنٹر شارجہ میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا ، جس کے مہمان خصوصی خان زمان سرور ممبر چیمبر آف کامرس ابوظہبی، چوہدری خالد حسین صدر پاکستان مرکز شارجہ اور راجہ محمد سرفراز سابق صدر شارجہ مرکز تھے۔اس موقع پر پی جے ایف کے صدر اشفاق احمد ،سینئر نائب صدر طاہر منیر طاہر جنرل سیکرٹری حافظ زاہد علی ، سہیل خاور ، زمرد بونیری ، عرفان اکرم ، سلمان جاذب ، خالد محمود گوندل ، سبط عارف ، حمزہ اکرم ، زمان خان اور دیگر موجود تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کی سعادت سلمان جاذب نے حاصل کی، حافظ زاہد علی نے آغاز کرتے ہوئے کہا کہ امارات میں مقیم صحافی بھی پاکستان سے محبت کرتے ہیں اور پاکستان کا مثبت امیج ہر سطح پر اجاگر کرتے ہیں۔ہم بھی اپنے وطنوں کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ طاہر منیر طاہر نے کہا آج ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ پاکستان کو ایسا بنائیں گے جو قائداعظم محمد علی جناح چاہتے تھے ۔ سہیل خاور نے کہا کہ پاکستان کے حصول میں بے پناہ قربانیاں دی گئیں ہمیں ترقی کرنے کے لئے قائداعظم کے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔عرفان اکرم نے کہا پاکستان قدرت کی ایک نعمت ہے اس نعمت کی قدر کریں اور ایسے کاموں سے گریز کریں ۔جس سے وطن عزیز کی بدنامی ہو۔ سبط عارف نے کہا یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کو کس طرح اور کتنی قربانیوں کے بعد حاصل کیا۔ ہمیں وطن کو عظیم سے عظیم تر بنانے کے لئے عہد کرنا ہوگا۔ زمرد بونیری نے کہا یوم پاکستان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کس طرح وطن عزیز کی بنیاد رکھی گئی یہ دن قائداعظم کے وضع کردہ اصولوں پر عمل درآمد کا درس دیتا ہے سلمان جاذب نے کہا ہماری نیت صاف اور وطن کے لئے اخلاص ہو تو وطن کو ترقی کی بلندیوں پر لے جا سکتے ہیں ۔ خالد محمود گوندل نے کہا آج کے دن عہد کریں کہ ہم اپنے وطن کی سالمیت ، ترقی اور خوشحالی کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ راجہ محمد سرفرار نے کہا ہمیں دیار غیر میں رہتے ہوئے ایک دوسرے کی مدد کرنا چاہیے ملکی استحکام کیلئے سخت محنت کریں ۔ چوہدری خالد حسین نے کہا مسلمانوں نے 7 سال میں پاکستان کو حاصل کرکے دنیا کو بتادیا کہ اگر جذبہ صادق اور لگن سچی ہو تو کچھ بھی ناممکن نہیں۔خان زمان سرور نے کہا ہمیں دل صاف کرکے متحد ہو کر محنت کرنا ہوگی۔ پاکستان کا حصول کوئی آسان کام نہیں تھا۔شیخ زاید بن سلطان البنان مرحوم نے پاکستان سے دوستی کا جو پودا لگایا تھااسے حکمران پاکستان کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنی محنت اور سچائی سے مضبوط سے مضبوط تر بنانا ہے پاکستان قوم نے اپنے حوصلہ اور جزبے سے ترقی کا سفر جاری رکھا ہوا ہے۔اس موقع پر یوم پاکستان 78 واں کیک بھی کاٹا گیا۔ شرکاء نے ایک دوسرے کو مبارک باد دی۔ آخر میں صدر پی جے ایف اشفاق احمد نے منفرد مہمانوں ، صدر پاکستان مرکز شارجہ اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی صحافی اپنا کردار احسن طریقہ سے نبھا رہے ہیں میں سب کو مبارک بادپیش کرتا ہوں۔ہماری شناخت پاکستان ہے پاکستان کی ترقی اور مثبت امیج کے لئے کام کریں گے ۔ آخر میں پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لئے دعا بھی کی گئی۔