پاکستان امریکہ کا علاقائی امن کیلئے خطرہ بننے والے گروہوں کے خاتمہ پر اتفاق
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) امریکہ کی قائم مقام معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے جمعرات کے روز سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے دو طرفہ مذاکرات کئے جب کہ مشیر سلامتی ناصر خان جنجوعہ سے الگ تفصیلی ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق ان مذاکرات کے مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور خطے میں امن و سلامتی کی صورتحال پر غور کرنا تھا۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال بشمول افغانستان کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔اتفاق کیا گیا کابل کانفرنس میں افغان صدر اشرف غنی کے امن کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور تاشقند میں ہونے والے اقدامات کو آگے بڑھایا جائے ۔ بات چیت میں بارڈر مینیجمنٹ اور افغان مہاجرین کی واپسی کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ ایلس ویلز اور تہمینہ جنجوعہ نے افغانستان میں موجود پاکستان اور افغانستان کی سلامتی کو لاحق خطرات کے لیے کام کرنے والے گروہوں کے خاتمے پر اتفاق کیا ۔ سیکرٹری خارجہ نے امریکی وفد کو بھارت کی طرف سے مسلسل سیز فائر خلاف ورزی سے آگاہ کیا جس سے خطے کے استحکام پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔ پاکستان بھارت کے ساتھ تنا ؤکو جامع مزاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے ۔ ایلس ویلز نے افغانستان اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ فریقین کا تمام سطح پر دوطرفہ رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ مشیر قوم سلامتی سے ملاقات کے دوران ایلس ویلز نے کہا کہ ان کا ملک ، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مہاجرین کی واپسی اور جنوبی ایشیاء میں امن، ترقی، استحکام کے مشترکہ مقاصد کے لئے بھرپورتعاون پیش کرتا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں تاکہ دونوں ممالک تعاون پر مبنی فریم ورک پر کام کرسکیں۔ اس موقع پر پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل بھی موجود تھے۔ ایلس ویلز نے اس پر اتفاق کیا کہ صدر اشرف غنی کی امن پیشکش کی حمایت کی ضرورت ہے اور سیاسی مصالحت کے ذریعہ پرامن، مستحکم افغانستان کے لئے کوششوں کی ضرورت ہے۔ ایلس ویلز نے افغانستان کے حوالے سے امریکی پالیسی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مقصدبالآخر شورش پسندوں کو امن کے لئے مذاکرات کی میز پر لانا ہے تاکہ افغان تنازعہ کا پرامن حل کیا جائے۔ اس موقع پر قومی سلامتی مشیر ناصر جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان ا ور امریکہ دونوں کا مشترکہ مقصد کئی دہائیوں پر مشتمل افغان تنازعہ کو جلد اختتام پزیر کرنا ہے۔ انہوں نے اپنے حالیہ دورہ کابل کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی افغان قیادت سے تعمیری، مثبت اور تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم سب افغانستان اور اس کے عوام کی مشکلات میں کمی کریں اور لڑائی جیتنے کی بجائے اس کے خاتمے پر کام کریں۔ ناصر جنجوعہ نے یقین دلایا کہ پاکستان، امریکہ اور دوسرے علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر نئے امن عمل کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان دہشت گردی کا مقابلہ اپنے قومی مفاد میں کر رہا ہے اور اسی تناظر میں پاکستان اور امریکہ کو ایکدوسرے پر اعتماد کرنا چاہئے۔ دونوں کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ اور تعاون کی ضرورت ہے۔