پی پی حکومت شوبازی نہیں کرتی، وزیراعظم نے چیف جسٹس پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی: بلاول

30 مارچ 2018

کراچی/ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت زیادہ شوبازی نہیں کرتی، کام ضرور کرتی ہے۔ جتنا کام پیپلزپارٹی نے پورے صوبے میں کیا کسی اور نے نہیں کیا۔ گزشتہ روز انہوں نے کراچی ٹھٹھہ کیرج وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا جبکہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ان سے ملاقات کی۔ دورویہ سڑک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا مانتا ہوں کافی کچھ اور کرنا ہے، نام نہاد سیاسی جماعتیں صرف آپس کی لڑائی میں لگی رہیں، پہلے ایک دھرنا، پھر دوسرا دھرنا، پھر مجھے کیوں نکالا۔ انہوں نے دعویٰ کیا پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو عوام کے مسائل جانتی ہے اور حل کرسکتی ہے، ہم نے چھ لاکھ افراد کو غربت سے نکالا۔ انہوں نے کہا پچھلے دس سال میں شہباز شریف نے صرف ایک نامکمل ہسپتال کا افتتاح کیا ، عوام کو فیصلہ کرنا پڑے کہ وہ کس قسم کی سیاسی جماعت چاہتے ہیں ، آپ پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہوں گے یا طالبان کے بچھڑے ہوئے بھائی کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا نواز شریف کا ڈرامہ عوام کے سامنے آگیا ہے، وزیراعظم نے چیف جسٹس پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی، میں سمجھتا ہوں کہ چیف جسٹس متاثر نہیں ہوئے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا نواز شریف کی جمہوریت میں کوئی دلچسپی نہیں، پچھلے پانچ سال سے مسلم لیگ ن مسلسل اٹھارہویں ترمیم پر حملہ کرتی رہی ہے، پیپلز پارٹی اٹھارہویں ترمیم پر کبھی کمپرومائز نہیں کرے گی۔ عوام کو مجھے کیوں نکالا سے غرض نہیں، عوام اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ نام نہاد سیاسی جماعتیں مجھے کیوں نکالا اور دھرنوں میں لگی ہیں۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو خارجہ پالیسی سنبھال سکتی ہے، دہشت گردی کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ پی آئی ایس بی انقلابی پروگرام ہے جو غربت کا خاتمہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا الیکشن 2018ء جیت کر پاکستانیوں کیلئے علاج کا مفت نظام چاہتا ہوں۔ سندھ میں غریب ترین عورتوں کو ذاتی کاروبار کیلئے قرض دیئے، سندھ میں صحت کا سٹرکچر بہت کمزور ہے۔ مشرف کئی کیسز میں مطلوب ہیں انہیں لازماً واپس آنا ہو گا۔ مسلم لیگ ن نے روپے پراپیگنڈا اور اشتہارات پر خرچ کئے۔ بلاول بھٹو سے یوسف رضا گیلانی ملاقات میں پارٹی تنظیم نو، جنوبی پنجاب سمیت ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب سے کلین سویپ کرے گی۔