سالانہ ریونیو کا نظرثانی شدہ ہدف 3900 ارب مقرر کردیا گیا

30 مارچ 2018

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) گزشتہ 6 ماہ میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث جی ایس ٹی کی وصولی میں اضافہ، مالی سال میں ریگولیٹری ڈیوٹیز کے بار بار نفاذ کے باوجود ایف بی آر سالانہ ریونیو ہدف 4013 ارب روپے حاصل نہیں کرسکے گا۔ اور اب سالانہ ہدف میں کمی کردی گئی ہے اور نظرثانی شدہ ہدف 3900 ارب روپے مقرر کردیا گیا ہے۔ ایف بی آر گزشتہ تین سال میں بھاری ٹیکسیشن کے باوجود سالانہ ہدف حاصل نہیں کر پارہا اور رواں مالی سال میں بھی یہی صورتحال ہے۔ ایف بی آر نے اب تسلیم کرلیا ہے کہ ہدف کا حصول ناممکن ہے اور اب سالانہ ہدف میں 113 ارب روپے کی کمی کرکے نیا ہدف 3900 ارب روپے مقرر کردیا گیا ہے۔