دشمن ذہن نشین کرلیں، فضائیہ بھرپور قوت کیساتھ ہر وقت تیار ہے، ائر چیف

30 مارچ 2018

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ ہمارے دشمنوں کو یہ بات ذہن نشین کر لینی چاہیئے کہ پا ک فضائیہ وطن کی فضائی حدود کے دفاع کے لئے اپنی بھر پور قوت کے ساتھ ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے یہ بات ـ پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغرخان میں گزشتہ روز 120ویں کمبیٹ سپورٹ کورس اور 40ویں بی ایل پی سی کورس کی گریجویشن اور اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کے10 کیڈٹس کی گریجویشن کی تقریب کے دوران کہی ۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا میںآج اس بات کا اعادہ کر تا ہوں کہ ہم ایک امن پسند قوم ہونے کے ناطے امن و وقار کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں ۔ اورہماری پر امن زندگی گزارنے کی خواہش خطے میں پائیدار امن و ا استحکام کی ضامن ہے۔ اس تقریب میں09خواتین کیڈٹس سمیت47 کیڈٹس گریجویٹ ہوئے۔ مہمانِ خصوصی نے گریجویٹ ہونے والے کیڈٹس میں برانچ کا نشان اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔120ویںکمبیٹ سپورٹ کورس میں بہترین کارکردگی کی ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ سدرہ عبداللہ جبکہ ایوی ایشن کیڈٹ ساجد محمود کو 40ویں BLPCکورس میں بہترین مجموعی کارکردگی کی ٹرافی عطا کی گئی۔ تقریب میں پی اے ایف اکیڈمی کی" شیر دل اور بریوہارٹ فارمیشنز"نے مسحور کن مظاہرہ پیش کیا ۔ اور پی اے ایف اکیڈمی کی پیرا موٹر گلائیڈر ٹیم "Eaglets" نے بھی اپنے شاندار فن کا مظاہرہ کیا۔