افغانستان اور پاکستان کی سلامتی کیخلاف کام کرنے والے گروہوں کا خاتمہ کرنگے

30 مارچ 2018

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں)پاکستان کے دورہ پر پہنچنے والی امریکہ کی قائم مقام نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے گزشتہ روز سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے مذاکرات کئے ۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق ان مذاکرات کے مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا اور خطے میں امن و سلامتی کی صورتحال پر غور کرنا تھا۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال بشمول افغانستان کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ طرفین میں اتفاق کیا گیا کابل کانفرنس میں افغان صدر اشرف غنی کے امن کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور تاشقند میں ہونے والے اقدامات کو آگے بڑھایا جائے ۔ بات چیت میں بارڈر منیجمنٹ اور افغان مہاجرین کی واپسی کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ ایلس ویلز اور تہمینہ جنجوعہ نے افغانستان میں موجود پاکستان اور افغانستان کی سلامتی کو لاحق خطرات کے لیے کام کرنے والے گروہوں کے خاتمے پر اتفاق کیا ۔ سیکرٹری خارجہ نے امریکی وفد کو بھارت کی طرف سے مسلسل سیز فائر خلاف ورزی سے آگاہ کیا جس سے خطے کے استحکام پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔ پاکستان بھارت کے ساتھ تنا ؤکو جامع مزاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے ۔ ایلس ویلز نے افغانستان اور علاقائی امن کے لیے پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ دونوں اطراف نے تمام سطح پر دوطرفہ رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔یہ ایلس ویلز کا رواں سال پاکستان کا دوسرا دورہ ہے ۔ آئی این پی‘صباح نیوزکے مطابق ایلس ویلز اور تہمینہ جنجوعہ سے ملاقات میں افغان صدر کے امن عمل کو آگے بڑھانے‘ بارڈر مینجمنٹ اور دہشت گرد گروپس کے خلاف کارروائی پر اتفاق کیا گیا۔وفود کی سطح پر ہونے والی گفتگو کے بعد پاکستانی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا یہ دورہ دوطرفہ اور علاقائی تعاون پر دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے ایلس ویلز سے کہا دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد تعلقات کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔امریکی وفد کو پاکستان کی طرف سے انسداد دہشتگردی کی کوششوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا جبکہ یہ بھی کہا گیا ان کارروائیوں سے نہ صرف پاکستان میں امن آیا بلکہ یہ خطے میں امن و استحکام میں معاون ثابت ہوگا۔سیکرٹری خارجہ کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔وزارت خارجہ کے مطابق سفیر ایلس ویلز نے دو طرفہ تعلقات اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پرامن اور مستحکم افغانستان کیلئے امریکہ کی طرف سے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کو بھی دہرایا۔ایلس ویلز نے انسداد دہشتگردی کی کوششوں کو بہتر بنانے کیلئے انٹیلی جنس تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
پاکستان امریکہ