سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس‘ مرکزی ملزم عبدالرحمن بھولا‘ زبیر چریا و دیگر پیش
کراچی(وقائع نگار)انسدادہ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت پر دو مزید ڈاکٹروں نے بیان قلمبند کر ادیا ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید ڈاکٹرز کو طلب کرتے ہوئے مزید کارروائی 5 اپریل تک ملتوی کر دی ۔ عدالت نے مقدمے میں نامزد ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کی جانب سے حاضری سے استثنی کی دائر درخواست بھی منظور کر لی ۔ سینٹرل جیل میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت ہوئی ۔ عدالت میں کیس کے مرکزی ملزم عبدالرحمن عرف بھولا ، زبیر چریا سمیت دیگر کو پیش کیا گیا ۔ عدالت میں کیس میں نامزد دو ڈاکٹرز نے اپنا بیان قلمبند کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ہم نے تین فائر بریگیڈ کے ملازمین کی ٹریٹمنٹ کی تھی ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر میڈیکل رپورٹس اور مقدمے میں نامزد مزید ڈاکٹرز کو طلب کیا ۔ دوسری جانب عدالت میں ایم کیو ایم کے رہنما رؤف صدیقی نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کرائی ، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر دو نے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے ۔ لہذا انہیں حاضری سے استثنی دیا جائے ۔ عدالت نے ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظو رکرتے ہوئے مزید کارروائی 5 اپریل تک ملتوی کر دی ۔
سانحہ بلدیہ کیس