سرکاری ملازمت: معذور کوٹے پر تندرست افراد انٹرویو دیتے پکڑے گئے
کراچی (سالک مجید) معذور افراد کے کوٹے پر سرکاری ملازمت کے حصول کیلئے تندرست افراد معذور بن کر انٹرویو دیتے ہوئے پکڑے گئے۔ ایک شخص نے خود کو نابینا ظاہر کر کے سرکاری نوکری حاصل کرنے کیلئے انٹرویو دیا‘ ایک اور نوجوان پولیو سے متاثرہ معذور بن کر نوکری لینے پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیو سندھ سیکرٹریٹ میں خصوصی افراد کے کوٹے پر سرکاری نوکریوں کے اشتہار پر بڑی تعداد میں شہری انٹرویو دینے پہنچ گئے۔ سرکاری حکام نے ہزاروں درخواست گزاروں میں سے قواعد و ضوابط پر پورا اترنے والوں کو شارٹ لسٹ کر کے انٹرویو کیلئے بلایا تھا۔ خصوصی افراد کو مشکل نہ ہو اس لئے انٹرویوز گرائونڈ فلور پر رکھے گئے تھے۔ محکمہ سروسز کے سیکرٹری خود انٹرویوز لینے کیلئے موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق بعض درخواست گزاروں نے جعلسازی کرتے ہوئے خود کو نابینا‘ لنگڑا اور دیگر معذوری کا حامل شخص قرار دے کر سرکاری نوکری کا خود کو اہل ثابت کرنے کی کوشش کی لیکن ان کی جعلسازی پکڑی گئی اور ان کو انٹرویو سے نکال دیا گیا۔
معذور کوٹہ/ پکڑے گئے