کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں کی ، سو ئی سدرن

30 مارچ 2018

کراچی (اسٹاف رپو رٹر)ایس ایس جی سی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے صارفین کیلئے ایک گمراہ کن بیان جاری کیا گیا ہے کہ گیس کی فراہمی میں کمی کے پاورجنریشن پر اثرانداز ہونے کے نتیجے میںکراچی کے بعض علاقوں میں عارضی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ایس ایس جی سی کے ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی کو فیلڈ سے کم مقدار میں گیس موصول ہورہی ہے جب کہ گھریلو صارفین کی طلب میںنمایاں اضافہ ہوگیا ہے لہذٰا حکومت کے گیس لوڈ منیجمنٹ پلان کے تحت اس کے انتظام کو اولین ترجیح دی جارہی ہے۔کمپنی اپنے ان تمام صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کررہی ہے جن کے ساتھ اس کے کنٹریکٹ کے معاہدے طے کئے گئے ہیں اور اس وقت کے الیکٹرک کے ساتھ گیس کی فراہمی کا کوئی معاہدہ(GSA)موجود نہیں ہے۔ترجمان نے اس بات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ GSAکی عدم موجودگی اور کے الیکٹرک پر ایس ایس جی سی کے بڑھتے ہوئے واجبات کے باوجود، کمپنی کراچی کے شہریوںکے مفاد میں پاورکمپنی کو مناسب مقدار میں گیس کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
سوئی سدرن