وزیراعظم نے بیان واپس نہ لیاتو اسلام آباد کی طرف مارچ کرینگے‘ وزیراعلیٰ بلوچستان

30 مارچ 2018

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چیئرمین سینیٹ سے متعلق اپنا بیان واپس نہ لیا تو اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں لیکن انہوں نے چیئرمین سینیٹ سے متعلق غیرذمہ دارانہ بات کی ہے، وزیراعظم نے بلوچستان کے عوام کوتکلیف پہنچائی ہے انہیں اپنا بیان واپس لینا چاہئے یہ بات انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ کے علاقے ہنہ اوڑک میں وزیراعلی ہائوس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صوبائی وزرائ، مشیران ، اراکین اسمبلی ، سینیٹرز، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ہم پوائنٹ اسکورنگ میں نہیں جاتے، جمہوری طریقے سے بلوچستان کا چیئرمین سینیٹ منتخب ہوا لیکن وزیرِ اعظم کے بیان کی وجہ سے بلوچستان کے لوگوں کو دکھ پہنچا، انہیں اپنا بیان واپس لینا چاہئے لیکن اگر انہوں نے بیان واپس نہ لیا تو اسلام آباد کی جانب مارچ کریں گے ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ وہ ایسی غیر ذمہ دارانہ بات کر سکتے ہیں۔ دریں اثناء وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی چیئرمین سینیٹ سے متعلق اپنا بیان واپس لیں ورنہ ہمارے پاس بھی الفاظ کا ذخیرہ موجود ہے‘ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کی تاریخ میں پہلی بار سنگل پارٹی حکومت بنائے گی آئندہ انتخابات میں سردار اختر مینگل سمیت تما م سیاسی و قبائلی عمائدین کے ساتھ مل کر لڑیں گے ہم وفاق سے برابری کی بنیاد پر بات کریں گے‘ بہت سے لوگ رابطے میں ہیں تاہم ان کا نام ظاہر نہیں کروں گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان

نفس کا امتحان

جنسی طور پر ہراساں کرنے کے خلاف خواتین کی مہم ’می ٹو‘ کا آغاز اکتوبر دو ...