آئی کیپ کے تحت سیمینار، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ویمن اچیومنٹ ایوارڈز کی تقسیم

30 مارچ 2018

کراچی (لیڈی رپورٹر) انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنس آف پاکستان (آئی کیپ) کی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس ویمن کمیٹی کے تحت عالمی یوم خواتین منایا گیا۔ اس سلسلے میں ایک تقریب بدھ کی شام آئی کیپ آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی جس میں چارٹرڈ اکاؤنٹسی کے پیشے میں اعلیٰ خدمات انجام دینے والی خواتین کو چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ویمن اچیومنٹ ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آئی کیپ ریاض اے رحمان چامڈیا نے کہا کہ خواتین کو معاشرے میں فیصلہ سازی کے ساتھ بزنس اور سیاست میں بھی برابری کا مقام دینا ہو گا۔ اکاؤنٹنسی شعبے میں خواتین چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس نے اپنی مثالی مہارت کا مظاہرہ کرکے نئی خواتین طالبات کے لیے بھی اس پیشے کو اختیار کرنے کی راہ ہموار کی ہے۔اس موقع پر چیئرپرسن چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس ویمن کمیٹی حنا عثمانی نے کہا کہ کمیٹی نے اپنے قیام کے پہلے ہی سال بہت سی کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ کمیٹی کااہم مقصد خواتین کی رکنیت کو آسان بنانا اور ان کی پیشہ وارانہ ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے۔ حنا عثمانی نے بتایا کہ انہیں پروفیشنل خواتین کو دفاتر میں لانے میں مشکلات کا سامنا ہے تاہم وہ انہیں آگے لانے کے لیے گھر سے کام کرنے کی سہولت دینے پر بھی کام کر رہے ہیں۔ تقریب میں ، پریس فار پروگریس، کے موضوع پر مباحثہ بھی منعقد ہوا جس کی میزبانی پارٹنر کے پی ایم جی منیزہ عثمان بٹ نے کی۔ پینل کے دیگر مقررین میں چیئرمین کنگز گروپ عبدالعزیز میمن، کراچی گرامر اسکول سے عینی شہزاد، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ٹی سی ایف اتید ریاض، پروگرام پروڈیوسر سماء ٹی وی شیربانو معیز علی اور آئی کیپ کی سینئر منیجر شمائلہ ہالو شامل تھیں۔ اس موقع پر سی ای او ای بی ایم ڈاکٹر زیلاف بی منیرسینئر پارٹنر عثمانی اینڈ کمپنی ہما پاشا، فیصل بینک کی رائیدہ لطیف اورسی ای او ای لرننگ سائرہ ناصر شامل تھیں۔ تقریب کے اختتام پر چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کے شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین کو سی ای ویمن اچیومنٹ ایوارڈز 2018 سے نوازا گیا۔