زرمبادلہ کے ذخائر میں مزیدڈالر کی کمی تشویشناک ہے‘میاں خرم الیاس

30 مارچ 2018

لاہور ( این این آئی)تاجر رہنما و میاں خرم الیاس نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل کمی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید16کروڑ14لاکھ ڈالرکمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرمبادلہ کے گرتے ہوئے ذخائر ملکی معیشت کیلئے مشکلات کا باعث ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں کمی کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میںمسلسل کمی ہورہی ہے جو ملکی معاشی صورتحال کیلئے انتہائی سنگین مسئلہ ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کیلئے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی کی جائے کیونکہ بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگی اشیاء کے باعث بیرون ملک میں پاکستانی اشیاء کی مانگ میں کمی کے باعث ملکی برآمدات مسلسل گراوٹ کا شکار ہیں ۔میاں خرم الیاس نے کہا کہ پاکستان کے ہمسائیہ ممالک میں بجلی و گیس کی قیمتیں پاکستان کی نسبت انتہائی کم ہیں جس کے باعث ان کی برآمدات بڑھ رہی ہیں جبکہ پاکستان کی برآمدات کمی کا شکار ہیں برآمدات میں اضافہ کیلئے نئی تجارتی پالیسی میں مختص فنڈز مختص کیے جائیں تاکہ بیرون ملک نئی منڈیاں اور پاکستانی اشیاء کی نمائشوں کا اہتمام کیا جائے اور ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ممکن ہوسکے اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہو۔