ملک کا نگراں وزیراعظم ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو بنایا جائے‘ ارشد تقی

30 مارچ 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نظریہ پاکستان تحریک کے بانی و چیئرمین محمد ارشد تقی نے کہا ہے کہ حکومت کی مدت ختم ہونے کو ہے‘ ملک میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کرانے کیلئے ملک کا نگراں وزیراعظم ملک کو ایٹمی طاقت دے کرناقابل تسخیر بنانے والے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو بنایا جائے۔ حکومت اور اپوزیشن کی تمام جماعتیں محسن پاکستان کو متفقہ امیدوار نامزد کرکے نئی سیاسی تاریخ رقم کریں۔ ڈاکٹر قدیر خان کونگراں وزیراعظم بناکرہم انہیں ان کی خدمات کا صلہ دے سکتے ہیں۔ ارشد تقی نے کہا کہ جب ہندوستان میں ان کے ملک کو ایٹمی طاقت دینے والے ایک مسلمان سیائنسدان کو صدر مملکت بنایا جاسکتا ہے تو محسن پاکستان ڈاکٹر اے کیو خان کو نگراں وزیراعظم کیوں نہیں بنایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ جو قوم اپنے محسنوں کی قدر نہیں کرتیں انہیں کبھی کامیابی کی حقیقی منزل نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے پوری قوم اس مطالبے کی حمایت میں آواز بلند کرے گی۔