ماڈل کالونی پمپنگ اسٹیشن کی اراضی پر قبضہ کی کوشش ناکام بنا دی گئی

30 مارچ 2018

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ کی ہدایت پر واٹربورڈ کے عملے نے پمپنگ اسٹیشن کی اراضی پر قبضہ کی کوشش ایک بار پھر ناکام بنادی ہے،قبضہ کے دوران غیرقانونی تعمیرات سے واٹربورڈ کی فراہمی ونکاسی آب کی لائنوں کو شدید نقصان پہنچایا گیا ،پمپنگ اسٹیشن کو بجلی فراہم کرنے والی کیبل کٹ جانے سے علاقہ میں فراہمی آب شدید متاثر رہی ،ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے واقعہ سے متعلق حکومت سندھ کو مطلع کردیا ہے، سیکریٹری لوکل  گورنمنٹ کوروانہ کئے گئے مراسلہ میں فوری مداخلت اور قبضہ رکوانے کیلئے مددکی درخواست کردی گئی ہے ، تفصیلات کے مطابق واٹربورڈ کے ماڈل کالونی پمپنگ اسٹیشن کی اراضی پر قبضہ کی کوشش کی گئی ،اور چہاردیواری توڑنے کیلئے بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے زمین کھود ڈالی ،اس سبب زیر زمین بچھائی گئی فراہمی ونکاسی آب کی لائنوں،بجلی، فون کیبلوں کو شدید نقصان پہنچا ،اس اقدام کے باعث ایک بڑی آبادی پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کی سہولت سے محروم ہوگئی تھی جسے ہنگامی بنیادوں پر درست کرکے پانی کی فراہمی بحال کی گئی ،ایم ڈی واٹربورڈ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ انجینئرز اور سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے اور سرکاری اراضی پر جاری غیر قانونی کام کو رکوادیا ، تاہم ایک بار پھر مذکورہ اراضی پر قبضہ کی کوشش کی گئی اور غیرقانونی تعمیرات کیلیئے بھاری مشینری کا استعمال کیاگیا،ایم ڈی واٹربورڈ نے اطلاع ملتے ہی واٹربورڈ کے افسران سپرنٹنڈنگ انجینئر سعید شیخ ،ایگزیکٹیو انجینئر محمد زاہد، چیف سیکورٹی آفیسر میجرنواز گوندل کودیگر افسران وعملے کے ساتھ وقوعہ پر فوری پہنچنے کی ہدایت کی اوراراضی پر قبضہ کیلئے جاری کام ہرصورت رکوانے کے احکامات دیئے۔