احتسابی عمل کے ساتھ غیر جانبدار نگراں حکومت کا قیام ضروری ہے‘ ڈاکٹر معراج الہدیٰ

30 مارچ 2018

کراچی (نیوز رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ احتسابی عمل کے ساتھ ملک میں غیر جانبدار نگران حکومت، بروقت اور شفاف انتخابات کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے،تاخیری حربے یا الیکشن کی بجائے سلیکشن کا عمل ملک اور قوم کیلئے کسی نئے بحران کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کے اداروں میں ٹکرائو اور ایک دوسرے پر اعتماد کے فقدان کی وجہ سے تقریباً ہر انتخابات پر انگلی اٹھتی ہے اسلئے آئندہ انتخابات کو غیر متنازعہ وشفاف بنانے کیلئے تمام جمہوری قوتیں باہمی مشاورت سے غیرجانبدار نگران حکومت کے قیام کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں میں ٹکرائو کی بجائے آئین وقانون کی حکمرانی اور برداشت و ایک دوسرے کا احترام کرنے سے ہی جمہوریت وجمہوری اقدار کو فروغ ملے گا۔سیاست کو اپنی تجوریاں بھرنے ،ذاتی دشمنی اور گالم گلوچ کی بجائے ملک وقوم کی خدمت اوردیانت وامانت کو شعار بنایا جائے۔انہوں نے زور دیا کہ حکومت شکوک وشبہات کے خاتمے کیلئے جلد نگران حکومت کے قیام کیلئے پیش قدمی کرے۔