بن قاسم میں عدالتی حکم پر ہنگامی بنیادوں پر صفائی کا کام شروع‘ ہیوی مشینری کا استعمال

30 مارچ 2018

کراچی (لیڈی رپورٹر ) بن قاسم میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی اور کچرے کے متعلق علاقہ مکینوں کی جانب سے ملیر کورٹ کے ضلعی جج اور انسانی حقوق کے ڈائریکٹر کو تفصیلی خط، ضلعی جج کی ہدایت پر ضلع کائونسل کراچی ، ودیگر اداروں کے ذمہ داران کو نوٹس جاری، نوٹس ملتے ہی صفائی عملہ پہنچ گیا، ہنگامی صفائی شروع کردی گئی۔ ضلعی جج مشتاق احمد لغاری کو تفصیلی درخواست میں آگاہ کیا گیا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر کراچی میں 8 روز کے اندر صفائی کرنے کے احکامات پیش نظر 22 گوٹھوں پر مشتمل پپری کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا ہے، جج نے ملیر کے ہیلتھ افسر کے ڈی اے اور ضلع کائونسل کے چیف انجینئرز، ایس ایچ او بن قاسم ودیگر اداروں کے ذمہ دار افسران کو نوٹس جاری کیے ہیں، جس کے بعد اچانک بڑی تعداد میں صفائی عملہ مشینری سمیت پہنچ گیا جس نے ہنگامی بنیادوں پر پورے علاقے کی صفائی کا کام شروع کردی گئی۔