دنیا کا سب سے بڑا فا رمیسی ایوارڈ پاکستانی کو ملنا اعزاز ہے ،فضل اللہ پیچو ہو
کراچی (ہیلتھ رپورٹر)امریکن سوسائٹی آف ہیلتھ سسٹم فارما سسٹس نے دنیا کا سب سے بڑے فارمیسی ایوارڈپہلی بار پاکستانی فارماسسٹ کے نام کر دیا ہے ،ڈاکٹرعبد ا لطیف شیخ پہلے پاکستانی اور ایشیائی فارماسسٹ ہیں جنہیں دنیا کے سب سے بڑے فارمیسی ایوارڈ ڈونلڈ فرینک میڈل سے نوازا گیاہے،سیکریٹری صحت سندھ ڈاکر فضل اللہ پیچوہو کا کہنا ہے کہ دوائوں کے استعمال میں ہونے والی غلطیوں کے نتیجے میں ہر سال ہزاروں اموات ہو رہی ہیں ، تعلیم یافتہ فارماسسٹس کو حکومت سندھ نے نوکریاں دی ہیں مگر اسپتالوں میں ان کی خدمات سے استفادہ نہ کرنے کی وجہ سے مریضوں کو نقصان پہنچ رہا ہے ،گورننس کے مسائل حل کرکے مریضوں کو مزید سہولتیں مہیا کریں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سوسائٹی آف ہیلتھ سسٹم فارماسسٹس کے صدر ڈاکٹر عبد الطیف شیخ کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کا انعقادپاکستان سوسائٹی آف ہیلتھ سسٹم فارماسسٹس نے آغا خان یونیورسٹی اسپتال اور پاکستان فارماسویٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایش کے تعاون سے کیا تھا ، اس موقع پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے سربراہ شیخ اختر حسین ، آغاخان اسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جوہانس تھیوڈورس(ہانس)، ڈریپ کے سابق سربراہ ڈاکٹر محمد اسلم ، شیخ قیصر وحید، ہارون قاسم ، جمشید احمد، زاہد سعید ، ڈرگ انسپکٹرز عدنان رضوی، کلب حسن رضوی سمیت شعبہ طب اور فارمیسی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے ، پاکستانی فارما سسٹس ڈاکٹر عبد الطیف شیخ پہلے ایشیائی فارماسسٹس ہیں جنہیں فارمیسی کی دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈسے نوازاگیا ہے ،ڈونلڈ فرینک میڈل فارمیسی کے شعبے خدمات ادا کرنے والے فارماسسٹس کو دیاجاتا ہے، یہ ایوارڈ معروف امریکی فارماسسٹ ڈونلڈ فرینک کی خدمات کیاعتراف میں 1971میں جاری کیا گیا، ڈونلڈ فرینک میڈل اب تک فارمیسی کی دنیا کی 22شخصیات کو دیاگیا ہے اور سال 2018کے لیے ڈونلڈ فرینک میڈل پاکستان کے نام کیا گیا۔